کھانے سے پہلے اور بعد وضو رزق میں کشادگی لاتا ہے

کھانے سے پہلے اور بعد وضو رزق میں کشادگی لاتا ہے

کھانے سے پہلے اور بعد وضو کرنا مسنون نہیں۔ نبی کریم ﷺ سے کوئی روایت اس بارے میں باسند صحیح ثابت نہیں ہے۔ اس سے متعلق پیش کی جانے والی روایات ضعیف ہیں۔

سعة الرزق وردع سنة الشيطان الوضوء قبل الطعام وبعده
”کھانے سے پہلے اور بعد وضو رزق میں کشادگی کرتا ہے اور شیطان کو دور کرتا ہے۔“

(کنز العمال:۴۰۷۶۲ ، ک فی تاریخہ عن أنس)

ضعیف: اسے دیلمی (۲۱۷/۲) نے روایت کیا ہے۔

۱:  اس سند میں عبد الوہاب بن الضحاک”کذاب“ راوی ہے۔

۲:   جبکہ سعید بن عمارۃ اور حارث بن نعمان ”ضعیف“ راوی ہیں۔

٭ امام ابن جوزی رحمہ اللہ نے فرمایا ہے کہ یہ حدیث صحیح نہیں۔ (العلل المتناھیۃ:۶۵۲/۲)

٭ شیخ البانی رحمہ اللہ نے اس روایت کو موضوع (من گھڑت) کہا ہے۔ (السلسلۃ الضعیفۃ: ۳۷۰۰)

دوسری روایت: جبکہ شمائل ترمذی (باب صفۃ وضوء رسول اللہ ﷺ عند الطعام:۱۸۶) میں ایک روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:

” کھانے کی برکت پہلے اور بعد وضو کرنا ہے۔ “

ضعیف: اس کے راوی قیس(بن الربیع) کو امام ترمذی(۱۸۴۶) اور امام ابو داود (۳۷۶۱) نے ”ضعیف“ کہا ہے۔

٭ قیس بن الربیع جمہور محدثین کے نزدیک برے حافظے کی وجہ سے ضعیف تھا۔

کھانے کے وقت وضو سے متعلق صحیح احادیث

٭  ابن عباس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ:

رسول اللہ ﷺ قضائے حاجت سے تشریف لائے ، پھر آپ کے سامنے کھانا لایا گیا تو لوگوں نے کہا: کیا آپ کے لئے وضو کا پانی لے آئیں؟ آپ نے فرمایا: مجھے صرف نماز کے لئے وضو کا حکم دیا گیا ہے۔

 (سنن ترمذی:۱۸۴۷ و قال حسن، سنن ابی داود: ۳۷۶۰، سنن نسائی: ۱۳۲ و صحیح ابن خزیمہ: ۳۵، سندہ صحیح)

٭  جبکہ صحیح مسلم( ۳۷۴ ، دارلسلام: ۸۲۷ ) اور سنن ترمذی (۱۸۴۷ ، تعلیقاً مختصراً) میں آپ ﷺ کے الفاظ کچھ یوں ہیں:

”کیا میں نماز پڑھنا چاہتا ہوں کہ وضو کرلوں؟“

٭  ایک حدیث میں آیا ہے کہ عائشہ رضی اللہ عنہا نے فرمایا:

رسول اللہ ﷺ جب حالتِ جنابت میں کھانا کھانے کا ارادہ کرتے یا سونا چاہتے تو نماز والا وضو کرتے تھے۔ (صحیح مسلم: ۳۰۵، دار السلام: ۷۰۰)

اس حدیث سے معلوم ہوا کہ جنبی شخص کو چاہئے کہ کھانا کھانے اور سونے سے پہلے نماز والا وضو کرے۔

٭ اسی طرح سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ :

”رسول اللہ ﷺ جب کھانے پینے کا ارادہ کرتے تو دونوں ہاتھ دھوتے، پھر کھاتے یا پیتے تھے۔“

(شرح السنۃ للبغوی:۳۴/۲ و سندہ صحیح وقال البغوی: ھذا حدیث صحیح)

Related Posts
Leave a reply
Captcha Click on image to update the captcha .