شب براءت، پندرہ شعبان کی رات، فضائل شعبان، ضعیف احادیث, zaeef hadees, false hadith

پندرہ شعبان کی رات اللہ تعالیٰ آسمان دنیا پر نزول فرماتا ہے

سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہ بیان کرتی ہیں کہ ایک رات میں نے رسول اللہ ﷺ کو بستر سے گم پایا، میں آپ کی تلاش میں نکلی، اچانک دیکھا کہ آپ بقیع میں ہیں اور اپنا سر مبارک آسمان کی طرف اٹھائے ہوئے ہیں، بعد ازاں آپ ﷺ نے فرمایا، کیا آپ کو اس بات کا خدشہ ہے کہ اللہ اور اس کا رسول آپ پر ظلم کریں گے؟ سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں، میں نے کہا، اے اللہ کے رسول! ایسی کوئی بات نہیں ہے، لیکن میرا یہ گمان تھا کہ آپ اپنی بعض ازواج کے ہاں تشریف لے گئے ہوں گے، آپ ﷺ نے فرمایا:

انّ اللہ عزّوجلّ ینزل کلّ لیلۃ النّصف من شعبان، فیغفر من الذّ نوب أکثر من شعر غنم کلب

” اللہ تعالیٰ پندرہ شعبان کی رات (شب براءت) کو آسمان دنیا کی طرف نزول فرماتے ہیں اور کلب قبیلہ کی بکریوں کے بالوں سے زیادہ انسانوں کی مغفرت فرماتے ہیں۔“

(سنن الترمذی:739، سنن ابن ماجہ:1389،مسند الامام احمد:238/6،کتاب احادیث النّزول للدارقطنی:130، مسند عبد بن حمید:1507، شعب الایمان للبیھقی:3824، العلل المتناھیۃ لابن الجوزی:915 ، وسندہ ضعیف)

ضعیف: یہ حدیث ضعیف ہے، کیونکہ؛

٭ امام ترمذی رحمہ اللہ فرماتے ہیں: ” میں نے امام بخاری رحمہ اللہ سے سنا کہ وہ اس حدیث کو ضعیف قرار دیے رہے تھے، آپ نے فرمایا، یحییٰ بن ابی کثیر نے عروہ سے اور حجاج بن ارطاۃ نے اس حدیث کو یحییٰ بن ابی کثیر سے نہیں سنا۔“ (جامع ترمذی، تحت حدیث: 739)

٭حجاج بن ارطاۃ جمہور کے نزدیک ‘ضعیف’ ہیں، نیز ‘مدلس’ بھی ہیں۔

٭اس میں یحییٰ بن ابی کثیر راوی بھی ‘مدلس’ ہیں جوکہ ‘عن’ سے روایت کرہے ہیں۔

 

صحیح حدیث:

اللہ تعالیٰ ہر رات آسمان دنیا پر نزول فرماتا ہے

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ:

” ہمارا پروردگار بلند برکت والا ہے ہر رات کو اس وقت آسمان دنیا پر آتا ہے جب رات کا آخری تہائی حصہ رہ جاتا ہے ۔ وہ کہتا ہے کوئی مجھ سے دعا کرنے والا ہے کہ میں اس کی دعا قبول کروں ، کوئی مجھ سے مانگنے والا ہے کہ میں اسے دوں کوئی مجھ سے بخشش طلب کرنے والا ہے کہ میں اس کو بخش دوں ۔ “

(صحیح بخاری: ۱۱۴۵)

 

یہ روایت بھی پڑھئے: پندرہ شعبان (شب براءت) کی رات عبادت کا اجر

LEAVE YOUR COMMENTS